
اسلام آباد (ویب ڈیسک) جمعیت علماءاسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات کے بعد متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان کردیا۔ مولانا فضل الرحمن نے پارلیمنٹ ہاﺅس میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ مولانا فضل الرحمن کے وفد میں کامران مرتضیٰ اور مولانا واسع شامل تھے جبکہ محمود خان اچکزئی کے ساتھ اخونزادہ حسین یوسفزئی اور اسد قیصر موجود تھے۔ ملاقات سے قبل میڈیا سے مختصر گفتگو میں مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ اگر ان کے ہاتھ میں ہوتا تو اب تک بانی پی ٹی آئی کا علاج بھی ہوچکا ہوتا۔ اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمن نے میڈیا سے گفتگو میں متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈران سے مشاورت ہوئی ہے، اصولی طورپر اتفاق ہوا ہے کہ ہمیں متحدہ اپوزیشن کی طرف جانا چاہیے، ہم مشترکہ پارلیمانی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، اس حوالے سے مزید مشاورت جاری رہے گی، اس پر مزید ملاقاتیں ہوں گی، امید ہے کہ اچھا آغاز ہو، اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے لیے بھی ماحول بننا چاہیے۔



