
کوئٹہ ( ناظم نیوز روزنامہ )قومی وحدتوں کو تقسیم کرنے کی ہر سازش مسترد، نئے صوبوں کے نام پر استعماری منصوبہ کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری سے جاری کردہ بیان میں ملک میں ڈویژنل بنیادوں پر نئے صوبوں کی تشکیل کو ملک دشمن اور استعماری منصوبہ قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 1940ء کی قرارداد لاہور درحقیقت خودمختار اور مقتدر قومی ریاستوں پر مشتمل یونین کے قیام کی قرارداد تھی۔ 1940ء کے کریمنٹس مشن پلان میں ایسی یونین کی بر قومی وحدت کو دس سال بعد دوبارہ سے علیحدہ ہونے کا حق دیا گیا تھا۔ اس کے بعد ماؤنٹ بیٹن کے تقسیم ہند کے پلان میں قومی وحدتوں کی منتخب اسمبلیوں کو پاکستان یا ہندوستان میں شامل ہونے کا اختیار دیا گیا تھا، بلوچستان، سندھ، سرائیکی، پنجاب اور بنگالی قومی وحدتوں کی منتخب اسمبلیوں نے پاکستان کی تشکیل کا فیصلہ کیا۔ اس طرح پاکستان کو قومی وحدتوں نے وجود بخشا۔ استعماری حکمرانوں کو اس ملک کی قومی وحدتوں کو تقسیم کرنے کا کوئی اختیار حاصل نہیں۔ لیکن قیام پاکستان کے بعد اس ملک پر انگریز استعمار کے پروڈہ استعماری اور رجعتی قوتوں کا غلبہ قائم ہوا، جنہوں نے اس ملک میں قومی وحدتوں کی برابری پر مبنی جمہوری فیڈریشن کی تشکیل اور عوام کی جمہوری حکمرانی کا راستہ طویل فوجی آمریت کے ذریعے روک دیا۔ 23 سال کے بعد عوام کو ووٹ کا حق حاصل ہوا، لیکن انتخابی نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کرکے ملک کو دو لخت کیا گیا۔ پھر 1973ء کے آئین کو چار سال بعد ختم کیا گیا۔ قومی وحدتوں کی جمہوری قوتوں نے طویل قربانیوں کے بعد 2010ء میں اٹھارہویں ترمیم کو ممکن بنایا، جس سے ملک کی قوموں اور عوام کے خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل کی بہترین ضمانت تھی، لیکن استعماری حکمرانوں نے 26ویں اور 27ویں ترامیم کے ذریعے اٹھارہویں ترمیم کو یکسر ختم کردیا ہے۔ اب اس ملک پر غیر اعلانیہ بدترین مارشل لا مسلط ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ملک کے مقتدرین نے تاریخی قومی وحدتوں کے قومی وجود، قومی تشخص، خودمختار اور مقتدر قومی وحدتوں کی تقسیم کے نام پر نئے صوبوں کے قیام کے نام پر قومی وحدتوں کی تقسیم کا استعماری منصوبہ قبول کریں گے۔ بیان میں تمام محکوم اقوام کی جمہوری اور عوامی قوتوں سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ باہم متحد و منظم ہو کر نئے صوبوں کے استعماری منصوبے کو عوام کی مزاحمتی طاقت کے ذریعے ناکام بنائیں۔



