
بھارت میں محبت کے اظہار کا انوکھا انداز سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا،جہاں ایک لڑکی نے مبینہ طور پر اپنے بوائے فرینڈ کو سرپرائز دینے کے لیے اس کی گاڑی کو تقریباً 3400 لپ اسٹک کے بوسوں کے نشانات سے بھر دیا۔
ممبئی ( ناظم روزنامہ ) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پیش آنے والے اس واقعے میں گاڑی پر جگہ جگہ لپ اسٹک کے نشانات دیکھ کر راہگیر بھی حیران رہ گئے، جبکہ گاڑی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
رپورٹس کے مطابق معاملہ ٹریفک پولیس تک پہنچا تو حکام نے گاڑی کو تحویل میں لے لیا اور اس کے مالک پر 5 ہزار 500 بھارتی روپے جرمانہ عائد کردیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر کے بعد صارفین نے واقعے پر دلچسپ تبصرے کیے، بعض صارفین نے اسے محبت کا منفرد انداز قرار دیا تو کچھ نے جرمانے کو واقعے کا سب سے دلچسپ پہلو قرار دیا۔



