
ایم ایم عالم کی شجاعت قومی تاریخ کا سنہری اور ناقابلِ فراموش باب ہے، وزیر داخلہ
اسلام آباد ( ناظم نیوز روزنامہ) وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں پاک فضائیہ کے شہداء ، غازیوں، افسران اور جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 ستمبر 1965ئ پاک فضائیہ کی غیر معمولی شجاعت اور بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کا تاریخی دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا اور اپنی جرات و صلاحیتوں سے قومی دفاع کی تاریخ میں سنہری باب رقم کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاک فضائیہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعی صلاحیتوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ وطن عزیز کی فضائی سرحدوں کے پاسبان آج بھی ہمہ وقت بیدار، مستعد اور ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔ وزیر داخلہ نے سکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شجاعت پاکستان کی فوجی تاریخ کا سنہری اور ناقابلِ فراموش باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم عالم نے چند ہی لمحوں میں دشمن کے پانچ طیارے تباہ کرکے ایک تاریخی کارنامہ انجام دیا، جو آج بھی قومی تاریخ میں غیر معمولی بہادری کی مثال ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شہداء اور غازیوں نے اپنی لازوال قربانیوں سے وطن عزیز کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کا جذبہ دفاع، حب الوطنی اور وطن سے وفاداری پوری قوم کے لیے قابلِ تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ فضائیہ ہمیں اپنے غازیوں اور شہدائ کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور قومی دفاع کے لیے ان کے عزم کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم پاک فضائیہ کے ہیروز کی بے مثال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی رہے گی۔



