
اسلام آباد ( ناظم روزنامہ )بھارت میں ایک بزرگ خاتون کو دو سال قبل بس میں گم ہونے والا بیگ اس وقت واپس مل گیا جب ایک ایماندار بس کنڈکٹر نے طویل عرصے تک اس کے اصل مالک کی تلاش جاری رکھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون نے 2024 میں سفر کے دوران اپنا بیگ بس میں بھول گئی تھیں۔ بیگ میں 24 ہزار بھارتی روپے نقد رقم کے علاوہ اہم طبی دستاویزات بھی موجود تھیں۔
بس کنڈکٹر راجو وانی کو بیگ ملا تو انہوں نے اسے واشیم بس ڈپو کی انتظامیہ کے حوالے کردیا، تاہم سامان حکام کے سپرد کرنے کے باوجود انہوں نے اس کی مالک کی تلاش جاری رکھی۔
راجو وانی تقریباً دو سال تک خاتون کو تلاش کرتے رہے، تاکہ ان کا بیگ، رقم اور ضروری طبی دستاویزات انہیں واپس کی جاسکیں۔
بالآخر قسمت نے دونوں کو دوبارہ اسی بس روٹ پر ملا دیا۔ خاتون اسی بس میں سفر کر رہی تھیں جہاں راجو وانی بطور کنڈکٹر فرائض انجام دے رہے تھے۔ وانی نے خاتون کو پہچان لیا اور ان کا بیگ، 24 ہزار بھارتی روپے اور طبی دستاویزات ان کے حوالے کردیں۔
دو سال بعد اپنا گمشدہ سامان واپس ملنے پر خاتون خوشی سے نہال ہوگئیں اور انہوں نے کنڈکٹر کی ایمانداری اور فرض شناسی کو سراہا۔
خاتون نے راجو وانی کی دیانت داری کے اعتراف میں انہیں 1100 بھارتی روپے بطور انعام بھی دیے۔ کنڈکٹر کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر بھی سراہا جا رہا ہے اور واقعہ ایمانداری کی ایک قابلِ تقلید مثال بن گیا ہے۔



