مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران 48 دہشت گرد مارے گئے
راولپنڈی/ کوئٹہ(ناظم نیوز روزنامہ)بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 36 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 4 ستمبر کو مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 6 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دہشت گردوں سے برآمد ہونے والا گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد موقع پر ہی تباہ کردیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شعبان میں فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، کارروائی میں 26 خوارج ہلاک ہوئے۔قلات میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جبکہ سبی کے علاقے بھاگ میں سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں مزید 2 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 48 دہشت گرد ہلاک کیے گئے ہیں۔ترجمان کے مطابق رواں سال بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز کے دوران اب تک 1188 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک میں قیامِ امن اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے قلات میں انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔صدر آصفزرداری نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع قلات میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی۔ اپنے ایک بیان میں کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے،سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار وطن عزیز کے امن کو نقصان پہنچانے والے دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہے ہیں۔شہبازشریف نے مزید کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں مجھ سمیت پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی قلات میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن دشمنوں کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی،قوم کی حمایت سے ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے،قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔