
"امن کے تحفظ کے لیے ہمارا اگلا محاذ ناقابلِ تنسیخ اقتصادی خوشحالی کا حصول ہے” — سفیر رضوان سعید شیخ
واشنگٹن ( ناظم نیوز روزنامہ ) واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان کے سفارتخانے میں یومِ دفاع و شُہداءکے موقع پر پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں غیر ملکی سفارت کار، ملٹری اور سروسیز اتاشیوں ، امریکی حکومت کے اہلکاروں اور پاکستانی کمیونٹی نے بھر پور شرکت کی۔
سفیر رضوان سعید شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع عزم ،شجاعت اور قربانی کی لازوال یادیں لے کر آتا ہے، تاریخ گواہ ہے کہ ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ غیر متزلزل عزم اور شجاعت کے ساتھ مادرِ وطن کا دفا ع کیا ہے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستانی عوام کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، آپریشن بنیان المرصوص کے بعد پاکستان کے بین الاقوامی تشخص میں مثبت پیش رفت کا تسلسل برقرار ہے ،یہ تسلسل ہمیں اور دُنیا کو باور کراتا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر اور سفارت کاری عالمی امن کیلئے نا گزیر ہے۔
سفیر کا کہناتھا کہ اب ہمیں اپنی معیشت کو نا قا بلِ تنسیخ سطح تک مضبوط بنانے پر کام کرنا ہے، پاکستا ن نے معرکہ حق کے دوران کمال عزم و استقلال کا مظا ہرہ کرتے ہوئے بھر پور جوابی کاروائی کی، جسکی دُنیا گواہ اور معترف ہے، معرکہ حق ہماری تاریخ کا روشن باب ہے ۔ ہماری مسلح افواج نے سیسہ پلائی دیوار کی مانند دشمن کے ناپاک ارادوں کو نیست و نابود کیا۔
ان کا کہناتھا کہ پاکستان نے بروقت اور موثر جواب کے ذریعے دُشمن کو واضح پیغام دیا کہ کسی بھی قِسم کی شر پسندی اور مہم جوئی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، معرکہء حق کے دوران شدید ترین حالات کے باوجود پاک فوج نے محتاط کاروائی کی جو ہماری مسلح افواج کی پیشہ وارانہ ا خلاقیات اور اعلیٰ تربیت کا مُنہ بولتا ثبوت ہے، ہماری افواج اور قانوں نافذ کرنے والے اداروں کو اس وقت دہشت گردی کی ایک نئی لہر کا سامنا ہے۔ ہم بحیثیت قوم ،اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے پُر عزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ دفاعی تعاون پاک امریکہ پائیدار اور نتیجہ خیز شراکت داری کا ایک اہم ترین ستون ہے، دونوں ملکوں کی افواج اور دیگر اداروں کے درمیان تعلقات میں انسداد دہشت گردی ،سیکیورٹی تعاون، قدرتی آفات سے نجات ، انسانی امداد اور فوجی تربیت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔پاکستان اور امریکہ دونوں کی قیادت مُختلف النوع اور ہمہ جہت باہمی اقتصادی تعاون کے فروغ اور ترویج کی خواہشمند ہے۔ دونوں ممالک دفاعی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے پر عزم ہیں۔ ہم امریکہ کے ساتھ اپنی دفاعی شراکت داری کو بڑھاتے رہیں گے کیونکہ یہ ہمارے خطے اور عالمی امن اور استحکام کے ضِمن میں اہمیت کی حامِل ہے۔ سفارت کاری ہر مُلک کی اولین دفاعی لائن ہے۔ پاکستان امریکہ اور ایران کے مابین ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے، دُنیا ہماری سفارتی حکمتِ عملی کا اعتراف کرتی ہے۔ امن کے تحفظ کیلئے ہمارا اگلا محاذ ناقابل ِ تنسیخ اقتصادی خوشحالی کا حصول ہے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی قبضے کے نتیجے میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے جائز حق خودارادیت کی حمایت کریں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری جبر کے خلاف آواز بلند کرے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دفاعی اتاشی نے اپنے ریمارکس میں پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت اور جذبے کو اُجا گر کیا۔مسلح افواج کے بہاد ر نو جو انوں اور خواتین کو شاندار خراج ِ تحسین پیش کرتے ہوئے دفاعی اتاشی نے کہا پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پُر عزم ہے۔
ان کا کہناتھا کہ تاریخ میں بعض واقعات ایسے ہوتے ہیں جو کسی قوم کے اجتماعی شعور پر ہمیشہ کے لیے انمٹ نقوش چھوڑ جاتے ہیں، پاکستان کا یومِ دفاع بھی ہماری قومی تاریخ کا ایسا ہی ایک اہم اور ناقابلِ فراموش باب ہے۔گزشتہ برس پاکستان پر اس کے مشرقی ہمسائے کی جانب سے ایک بلااشتعال جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی ، تاہم پاکستان نے بروقت اور مؤثر فوجی کارروائی کے ذریعے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا، جس کا پوری دنیا نے اعتر ا ف کیا۔ تقریب کے اختتام پر سفیر نے پاکستانی نژاد امریکی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی انفرادی حیثیت میں پاکستان کو مزید مضبوط اورخوشحال بنانے میں فعال کردار ادا کریں۔
یومِ دفا ع کے مو قع پر مُلک کی بقاء ، سلامتی اور خوشحالی کیلئے دُعا کی گئی۔



