
اسلام آباد ( ناظم روزنامہ ) قومی اسمبلی نے میلاد النبیﷺ کو شایان شان طریقے سے منانے اور نبی اکرمﷺ کی سنت و سیرت کے فروغ کے عزم کی حامل قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں معمول کی کارروائی معطل کر کے یہ قرارداد وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پیش کی جس کی ایوان نے متفقہ طور پر منظوری دے دی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان 1500 ویں میلاد النبیﷺ کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر یہ قرارداد پیش کرتا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس موقع کو اعلیٰ سطح پر قومی پروگرامز، میلاد النبیﷺ کی محافل، میڈیا مہمات، فلاحی اقدامات، سرکاری اور نیم سرکاری عمارتوں اور شاہراہوں کو چراغاں اور سجاوٹ کے ذریعے منائیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی ادارے بشمول تعلیمی اور کاروباری ادارے، میڈیا ہاﺅس بھرپور شرکت کرتے ہوئے حضرت محمدﷺ کی تعلیمات کے مطابق امن ، رواداری اور اخوت کو فروغ دیں۔ قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان حضرت محمدﷺ کی سنت و سیرت کے فروغ کا عزم کرتا ہے اور پوری قوم سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اس بابرکت موقع کو نہایت عقیدت، احترام اور اتحاد کے ساتھ منائے۔



