
ایرانی پارلیمان کے اسپیکر باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ میناب کے اسکول میں بچوں کا قتل عام کیا گیا۔ لامِرد کے اسپورٹس ہال میں بچوں پر بمباری کی گئی اور اب شادی کی تقریب میں بچوں اور خواتین کو شہید کیا گیا۔
اسلام آباد ( ناظم نیوز روزنامہ ) ٹویٹر پیغام میں اسپیکر باقر قالیباف نے کہا کہ اگر کوئی طاقت شیطان کی طرح برتاؤ کرے۔ شیطان کی طرح اہداف کا انتخاب کرے اور شیطان کی طرح قتل کرے تو وہ شیطان ہی ہے۔ اور ایسے شیطان کو تحفظ فراہم کرنے والا اس سے بڑا شیطان ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ نے ایک بار پھر ایران پر حملے کیے ہیں اور اس بار ایک شادی والا گھر بھی امریکی حملوں کی زد میں آ گیا ہے۔ ایرانی ’ریڈ کریسنٹ‘ نے ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں منگل کی شام جنوبی شہر کوہستک میں امریکی فضائی حملوں کا نشانہ بننے والا ایک گھر دکھایا گیا ہے۔
اس گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی۔ اس ڈرون حملہ نے اس گھر میں موجود خوشیوں کے ماحول کو اچانک ماتم میں تبدیل کر دیا۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق تازہ امریکی حملوں میں کرمانشاہ اور لاوان جزیرے میں پاسدارانِ انقلاب اور بسیج کے 7 اہلکار شہید ہوگئے۔ امریکی حملے میں پاسدارانِ انقلاب کے 4 اہلکار شہید ہوئے، لاوان جزیرے پر بسیج کے 3 اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق ہوئی۔ ایران پر گزشتہ رات امریکی حملوں میں شہادتوں کی تعداد 12 ہوگئی۔



