
اسلام آباد ( ناظم نیوز روزنامہ ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد دوبارہ بحال ہوا ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس کے نظام میں جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہیں، ٹیکس کا دائرہ کار بڑھایا جارہا ہے، اصلاحات کےنتیجے میں ٹیکس وصولی میں نمایاں بہتری آئی جب کہ غیر قانونی معیشت کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد دوبارہ بحال ہواہے، عالمی سرمایہ کاروں کا اعتمادصرف موجودہ صورتحال نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل پربھی ہے، یورو بانڈ 3 سالہ درمیانی مدت کی جی ایم ٹی این حکمت عملی کا حصہ ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بیرونی فنانسنگ میں بھی میچورٹیز بڑھانے اور رول اوور رسک کم کرنےکی حکمت عملی اپنائی جارہی ہے، پاکستان سکوک، ڈالر سیٹلڈ بانڈز اور پانڈا بانڈزکے ذریعے بیرونی فنانسنگ کو متنوع بنا رہا ہے۔



