
کسان سے صنعت تک معاشی سرگرمیوں کو فروغ، بلوچستان میں کپاس کی پیداوار بڑھانے کا فیصلہ
کوئٹہ ( ناظم نیوز روزنامچہ /خ ن )صوبے میں کپاس کی پیداوار بڑھانے، کاشت کے رقبے میں وسعت اور جدید زرعی طریقوں کے فروغ کے لیے چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں cotton maximisation کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت داؤد خلجی نے کپاس کی موجودہ صورتحال، پیداواری امکانات، کاشتکاروں کو درپیش مسائل، جدید بیج، آبپاشی، زرعی مشینری، اور بہتر مارکیٹنگ کے اقدامات پر بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا کہ کپاس صوبے کی ایک اہم نقد آور فصل ہے، جس کی پیداوار میں اضافہ نہ صرف کسانوں کی آمدن بڑھا سکتا ہے بلکہ صوبائی معیشت کو بھی مضبوط بنیاد فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، معیاری بیج، پانی کے مؤثر استعمال، بروقت کاشت اور زرعی رہنمائی کے ذریعے کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بلوچستان میں پہلے ہی کپاس کے رقبے میں توسیع کا رجحان دیکھا گیا ہے، اجلاس میں بتایا گیا کہ cotton maximisation کے ذریعے صوبے کے ان اضلاع میں بھی کپاس کی کاشت کو فروغ دیا جا سکتا ہے جہاں زرعی امکانات موجود ہیں، جس سے بنجر یا کم استعمال شدہ اراضی کو قابلِ کاشت بنایا جا سکے گا۔
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ کپاس کی پیداوار میں اضافہ مقامی کسانوں کے لیے براہِ راست مالی فائدہ لے کر آئے گا، کیونکہ بہتر پیداوار، کم لاگت، اور بہتر مارکیٹ تک رسائی سے ان کی آمدن میں اضافہ ممکن ہوگا۔ تحقیقی شواہد کے مطابق بلوچستان میں کپاس کے کاشتکاروں کو فی ایکڑ خاطر خواہ منافع حاصل ہو سکتا ہے، جبکہ بہتر زرعی نظم و نسق سے پیداوار اور منافع دونوں میں اضافہ ممکن ہے۔چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ کپاس کی پیداوار میں اضافہ صوبے میں ٹیکسٹائل، جننگ، ٹرانسپورٹ، روزگار اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی تقویت دے گا
، جس سے مجموعی اقتصادی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی ترقی صرف ایک فصل کی ترقی نہیں بلکہ یہ زراعت، صنعت اور برآمدات کے باہمی ربط کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بھی ہے، جس سے ملکی درآمدی بل میں کمی اور برآمدی امکانات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ کپاس کے کاشتکاروں کے لیے تربیتی پروگرام، آگاہی مہم، فیلڈ سپورٹ، اور مربوط حکمتِ عملی پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ صوبے میں cotton maximisation کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ حکومتِ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ زرعی ترقی، کسانوں کی خوشحالی اور صوبائی معیشت کی مضبوطی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔



