
تحریر ؛اسسٹنٹ ڈائریکٹر گل میرخان کاکڑ ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس چمن
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کی ہدایات پر ضلع چمن میں شہر کو صاف ستھرا، سرسبز اور خوبصورت بنانے کے لیے دو ہفتہ خصوصی صفائی و شجرکاری مہم جاری ہے۔خصوصی صفائی مہم کے دوران چمن شہر کے مختلف علاقوں، شاہراہوں، بازاروں اور اہم مقامات سے کچرے اور غلاظت کے ڈھیروں کو ہٹایا جا رہا ہے، جبکہ شہر کی تزئین و آرائش اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے شجرکاری پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔اسی سلسلے میں چمن بائی پاس کے اطراف موجود غلاظت اور کچرے کے بڑے ڈھیروں کو صاف کرکے علاقے کو قابلِ دید بنانے کے لیے وہاں پودے بھی لگائے گئے۔ صفائی اور شجرکاری کے ان اقدامات سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں صفائی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور مختلف ٹیمیں شہر کے مختلف حصوں میں صفائی کے کاموں میں مصروف ہیں۔ اس مہم کا مقصد چمن شہر کو کچرے سے پاک کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو صاف، صحت مند اور خوبصورت ماحول فراہم کرنا ہے۔چمن کے شہریوں نے خصوصی صفائی و شجرکاری مہم کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کا شکریہ ادا کیا۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی، اسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی بلوچ، تحصیلدار احمد خان، میونسپل کارپوریشن کے چیٔرمین حبیب اللہ اچکزئی اور لوکل گورنمنٹ کے افسران و اہلکاروں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔شہریوں کا کہنا تھا کہ صفائی کے ساتھ شجرکاری کا یہ اقدام چمن شہر کو مزید سرسبز، صاف اور خوبصورت بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ شہری صفائی کے عمل میں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے اور اپنے شہر کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ صفائی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے کچرا مقررہ مقامات پر پھینکیں، عوامی مقامات کو صاف رکھیں اور لگائے گئے پودوں کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ صاف، سرسبز اور خوبصورت چمن کے لیے انتظامیہ کے ساتھ ساتھ شہریوں کا تعاون بھی انتہائی ضروری ہے۔



